بھٹکل18/اگست (ایس او نیوز) گنیش تہوار کے پس منظر میں پولیس اور تعلقہ انتظامیہ کی جانب سے بھٹکل کے ٹورسٹ بنگلو میں پیس میٹنگ کا انعقاد کیا گیا۔ اسسٹنٹ کمشنر ساجد ملا، ڈی وائی ایس پی ویلنٹائن ڈیسوزاکے علاوہ مسلم و غیر مسلم نمائندوں نے اس میٹنگ میں خطاب کرتے ہوئے بھائی چارگی اور امن وامان کے ساتھ مذہبی تہواروں کو منانے کی ضرورت و اہمیت پر زور دیا۔
اس پس منظر میں گفتگو کے دوران گنپتی نائک مٹھلی نے ایک اہم مسئلہ پر افسران کی توجہ مبذول کرواتے ہوئے کہا کہ گنیش تہوار اور دیگر تہواروں کے موقع پر ضلع انتظامیہ کی طرف سے یہ احکامات جاری کیے جاتے ہیں کہ ایک مخصوص عرصے کے لئے پورے تعلقہ میں شراب کی فروخت پر پابندی رہے گی۔ لیکن عملی طور پر گاؤں اور دیہاتوں کی گلی گلی میں ہمیشہ کی طرح شراب کھلے عام فروخت کی جاتی ہے۔ اور محکمہ آبکاری کے افسران اس طرف دھیان ہی نہیں دیتے، بلکہ اپنی آنکھیں موند کر بیٹھ جاتے ہیں۔ اس سے ثابت ہوتا ہے کہ غیر قانونی شراب کی فروخت محکمہ آبکاری کے افسران کی پشت پناہی سے ہی ہوتی ہے۔ یہ لوگ شراب کے تاجروں سے ہفتہ وصولی کرتے ہیں اور اپنی نظریں پھیر لیتے ہیں جس کی وجہ سے آج بھٹکل تعلقہ کے ہرگلی کوچے میں قدم قدم پر شراب کی دکانیں کھل گئی ہیں۔ اس سے عوام کے لئے بہت سی دشواریاں پیدا ہورہی ہیں۔لیکن محکمہ آب کاری کے افسران عوام کی ایسی شکایتوں پر توجہ نہیں دیتے۔ اور شراب کا غیر قانونی کاروبار بے لگام طریقے سے چل رہا ہے۔ میٹنگ میں حاضر تمام اراکین نے گنپتی نائک کے اٹھائے گئے مسئلے کی حمایت کی۔
اسسٹنٹ کمشنر ساجد ملا نے محکمہ آبکاری کے افسران کو ہدایت جاری کی کہ تہوار کے موقع پر شراب بندی نافذ کرنے میں ذراسی بھی کوتاہی نہ کریں۔ اس کے علاوہ گنیش کا جلوس لے جاتے وقت ڈی جے ساؤنڈ سسٹم کو کم کرنے، سڑکوں کے گڈھے بھرنے اور سڑک کنارے کی لائٹس وغیرہ درست کرنے کی بھی مانگ کی گئی۔
اس میٹنگ میں مجلس اصلاح وتنظیم کے جنرل سیکریٹری مولوی عبدالرقیب ایم جے، آٹو یونین کے صدر کرشنانائک اسارکیری، عنایت اللہ شاہ بندری، پرویز قاسمجی، نارائن نائک منڈلّی، عبدالرؤف نائیطے، وینکٹیش نائک اسارکیری، کے ایم اشفاق، عبدالعظیم محتشم،ناگ راج نائک جالی، بابنا، شانتا رام اوردیگر نمائندے موجود تھے۔